اسرائیل نے مسجد اقصیٰ کو نمازیوں کے لیے غیر معینہ مدت تک بند کر دیا

Published On 14 June,2025 09:50 am

مقبوضہ بیت المقدس: (دنیا نیوز) اسرائیل نے کورونا وبا کے بعد پہلی بار مسجد اقصیٰ کو غیر معینہ مدت تک کے لیے مکمل طور پر بند کر دیا جس کے باعث وہاں نماز جمعہ بھی نہ ہوسکی۔

فلسطینی خبر رساں ایجنسی "وفا" کے مطابق اسرائیلی فورسز نے فجر کی نماز کے بعد مسجد پر دھاوا بولا اور وہاں موجود نمازیوں کو زبردستی نکال دیا۔

نمازیوں کو بے دخل کرنے کے بعد اسرائیلی فوج نے مسجد اقصیٰ کے تمام دروازے بند کر دیئے اور کسی کو اندر داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جا رہی ہے، اسرائیل کی جانب سے مسجد اقصیٰ کی بندش ایران پر حملے کے چند گھنٹوں بعد کی گئی جبکہ مغربی کنارے میں مکمل لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا ہے۔

اسلامی وقف کے بین الاقوامی امور، سیاحت اور سفارتکاری کے ڈائریکٹر عون بزباز نے مڈل ایسٹ آئی کو بتایا کہ اسرائیل نے ایران کے ساتھ کشیدگی کو مسجد اقصیٰ کا مزید کنٹرول حاصل کرنے کے لیے استعمال کیا۔

انہوں نے مزید کہا ہے کہ اسرائیل نے یہ دعویٰ کیا ہے کہ یہ بندش عوام کی حفاظت کے لیے ہے لیکن صرف وقف کے ملازمین کو مسجد میں داخل ہونے کی اجازت دی گئی ہے۔

واضح رہے کہ مسجد اقصیٰ کی بندش اور نمازیوں پر پابندی مذہبی آزادی کے بنیادی حق کی کھلی خلاف ورزی ہے۔