ایران کو معلوم نہیں انہیں کس چیز سے نشانہ بنایاجائے گا: اسرائیل کی پھر دھمکی

Published On 14 June,2025 06:49 am

تل ابیب: (دنیا نیوز) اسرائیل نے ایک بار پھر دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کو معلوم نہیں انہیں کس چیز سے نشانہ بنایاجائے گا۔

اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے کہا کہ تاریخ کی بڑی فوجی کارروائی رائزنگ لائن میں مصروف ہیں، مزید کچھ آنے والا ہے، ایران کیخلاف کارروائی کا مقصد جوہری اور بیلسٹک میزائل کا خطرہ ناکام بناناہے، اسرائیلی فوج نے ایران کے اعلیٰ فوجی کمانڈرزاور ایٹمی سائنسدانوں کو ختم کردیا۔

نیتن یاہو کا مزید کہنا تھاکہ ایران کی افزودگی کی سہولت اور اس کے بیلسٹک میزائل کے بڑے حصے کو تباہ کردیا، امید ہے مشرق وسطیٰ میں جلد امن آئے گا۔

واضح رہے کہ امریکی صدر ٹرمپ نے بھی ایران پر مزید بڑے حملوں کا عندیہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ اب وقت ختم ہو رہا ہے، ایران کو پہلے بھی معاہدہ کرنے کا موقع دیا گیا تھا، مذاکرات قریب تک پہنچے مگر حتمی معاہدہ نہ ہوسکا۔

ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ایران کے کچھ سخت گیر عہدیداروں نے بہادری سے بات کی لیکن وہ نہیں جانتے تھے کہ ان کے ساتھ کیا ہونے والا ہے، اب وہ تمام سخت گیر عناصر مارے جا چکے ہیں، اور آئندہ مزید خطرناک کارروائیاں متوقع ہیں۔

امریکی صدر نے مزید دعویٰ کیا تھا کہ امریکا دنیا میں سب سے مہلک ہتھیار بناتا ہے اور اسرائیل ان ہتھیاروں کا ماہر صارف ہے، ٹرمپ نے کہا تھا کہ ’’ایران کو اب بھی معاہدے کی طرف آنا چاہیے، اس سے پہلے کہ کچھ باقی نہ بچے۔‘‘