امریکی سپریم کورٹ نے برتھ رائٹ سٹیزن شپ ختم کرنے کے صدارتی حکم کے حق میں فیصلہ سنا دیا

Published On 27 June,2025 09:36 pm

واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی سپریم کورٹ نے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اُس ایگزیکٹو آرڈر کی حمایت کر دی ہے جس کے تحت امریکا میں پیدا ہونے والے بچوں کو شہریت دینے کا سلسلہ ختم کیا گیا تھا۔

امریکی میڈیا کے مطابق اس فیصلے کے بعد بعض ریاستوں میں اس حکم نامے کا فوری اطلاق ہوگا۔

واضح رہے کہ صدر ٹرمپ نے اپنے دورِ صدارت کے آغاز میں ہی متعدد صدارتی حکم نامے جاری کیے تھے جن میں سے ایک یہ بھی تھا کہ صرف پیدائش کی بنیاد پر امریکی شہریت حاصل کرنے کا قانون ختم کر دیا جائے۔

اس حکم کے خلاف چند ریاستوں میں فیڈرل ججز نے فیصلے دے کر اس کے ملک بھر میں نفاذ کو روک دیا تھا۔

بعد ازاں ٹرمپ انتظامیہ نے سپریم کورٹ سے اپیل کی تھی کہ ان ذیلی عدالتوں کے فیصلے صرف ان مخصوص افراد یا ریاستوں تک محدود کیے جائیں جنہوں نے اس پر اعتراض اٹھایا ہے۔

امریکی سپریم کورٹ نے اس اپیل کو منظور کرتے ہوئے قرار دیا ہے کہ ذیلی عدالتیں ایسا فیصلہ نہیں دے سکتیں جو پورے ملک پر لاگو ہو۔