ایران ایٹمی پروگرام کی جانب بڑھا تو یہ ان کا آخری اقدام ہوگا: امریکی صدر

Published On 30 June,2025 05:49 am

واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ایران ایٹمی پروگرام کی جانب بڑھا تو یہ ان کا آخری اقدام ہوگا۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فوکس نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ ایران پر امن راستے پر چلے گا تو پابندیاں ہٹادیں گے، ایران جوہری طاقت حاصل کرنے کے قریب تھا، ایران کو پتہ بھی نہیں تھا کہ ہم کب اور کیسے حملہ کریں گے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے مزید کہاکہ امریکی حملوں سے پہلے ایران نے یورینیم منتقل نہیں کیا، آبدوز وں سے 30 راکٹ فائر کئے گئے جو ٹارگٹ پر لگے، خامنہ ای انسانی حقوق سے زیادہ ایٹمی پروگرام کو ترجیح دیتا ہے، ٹیرف کا مقابلہ ٹیرف سے ہی کریں گے، امریکی حکومت معیشت کیلئے بڑے اقدامات اٹھا رہی ہے۔

امریکی صدر کا کہنا ہے کہ امیر لوگوں کا گروپ ٹک ٹاک خریدنا چاہتا ہے، 2 ہفتوں میں بتاؤں گا کہ ٹک ٹاک خریدنے والے کون ہیں، امریکا کی دنیا میں عزت بحال ہوئی ہے سب قدر کررہے ہیں، مجھ سے پہلے جو صدر تھا وہ سیڑھیوں پر گرتا رہتا تھا۔

انہوں نے مزیدکہا کہ کوئی بھی نیویارک کا میئر ہو اسے سیدھا چلنا پڑے گا، مجھے کینیڈا اچھا لگتا ہے اسے امریکی ریاست ہونا چاہئے، ایلون مسک الیکٹرک گاڑیوں کے معاملے پر ناراض تھے۔