امریکا کا ایرانی جوہری تنصیبات پر حملہ عالمی امن کیلئے خطرناک مثال ہے: چین

Published On 07 July,2025 09:33 am

پیرس: (ویب ڈیسک) چین نے امریکا کی جانب سے ایران کی جوہری تنصیبات پر حملے کو عالمی امن کے لیے خطرناک مثال قرار دے دیا۔

چینی وزیر خارجہ وانگ ای نے فرانسیسی وزیر خارجہ کے ساتھ پیرس میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایک خود مختار ملک کی جوہری تنصیبات پر کھلم کھلا حملہ بین الاقوامی اصولوں کی کھلی خلاف ورزی ہے اور اس کے تباہ کن نتائج پوری دنیا کو بھگتنا پڑ سکتے ہیں۔

وانگ ای نے خبردار کیا کہ اگر اس واقعہ کے نتیجے میں کوئی جوہری سانحہ پیش آتا تو اس کی قیمت صرف ایران ہی نہیں بلکہ پوری عالمی برادری کو چکانا پڑتی، ایران کے جوہری مسئلے کا مستقل اور پائیدار حل تب تک ممکن نہیں جب تک مشرق وسطیٰ کے بنیادی مسئلے یعنی فلسطین کو حل نہ کیا جائے۔

چینی وزیر خارجہ نے دوٹوک مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ صرف دو ریاستی حل ہی مشرق وسطیٰ کے جاری بحران کا واحد عملی اور منصفانہ راستہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عالمی برادری کو اب محض بیانات سے آگے بڑھ کر اس مقصد کے لیے مؤثر اور عملی اقدامات کرنے ہوں گے۔

وانگ ای نے امریکا کے حالیہ اقدامات پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پہلے طاقت پھر امن کا نظریہ دراصل طاقت کی منطق ہے جو عالمی استحکام کو متزلزل کرتی ہے، طاقت کے استعمال سے امن حاصل نہیں کیا جا سکتا بلکہ اس سے صرف انتشار اور تصادم کو بڑھاوا ملتا ہے۔