امریکہ کی جانب سے ایران کو اقتصادی پابندیاں ختم کرنے کی پیشکش متوقع

Published On 27 June,2025 09:41 am

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) ایران امریکہ مذاکرات میں واشنگٹن کی جانب سے ایران کو اقتصادی پابندیاں ختم کرنے کی پیشکش کا امکان ہے۔

امریکی میڈیا کے مطابق ایران کو بیرونی بینکوں میں موجود اس کے 6 ارب ڈالر استعمال کرنے کی اجازت دی جا سکتی ہے تاہم مذاکرات میں ایران کو یورنیم افزودگی کی اجازت نہ دینا شامل ہے۔

ایرانی سویلین نیوکلیئر پلانٹ کے لیے عربوں کے ذریعے سرمایہ کاری کی پیشکش کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ امریکہ کے ساتھ نئے سرے سے مذاکرات کے لیے کوئی معاہدہ نہیں ہو سکا لیکن ہم اس کا جائزہ لے رہے ہیں۔

ایران کے سرکاری ٹی وی کو عباس عراقچی نے انٹرویو میں کہا کہ ہم مذاکرات کا فیصلہ ملکی مفادات کی بنیاد پر کریں گے، خالص جذبات کی بنیاد پر نہیں، چاہے وہ مذاکرات کے دوران ہم پر حملہ کیوں نہ کریں۔ 

عباس عراقچی نے کہا کہ یورپ کو امریکہ کے ساتھ ہمارے مذاکرات سے باہر رکھا گیا تھا، اور امریکی یہی چاہتے تھے،یورپ کسی طرح سے مذاکرات میں داخل ہونا چاہتا ہے، اور ہمیں کوئی ممانعت نظر نہیں آتی۔