تحریکِ آزادی کشمیر کے نوجوان رہنما برہان مظفر وانی کی شہادت کو آج 9 برس مکمل

Published On 08 July,2025 07:15 am

سرینگر: (دنیا نیوز) تحریکِ آزادی کشمیر کے نوجوان رہنما برہان مظفر وانی کی شہادت کو آج 9 برس مکمل ہو گئے۔

کشمیری عوام آج کا دن تجدیدِ عہد کے طور پر مناتے ہیں، برہان مظفر وانی وہ نوجوان جو کشمیر کی مزاحمت کا چہرہ بن گیا، مقبوضہ کشمیر کے علاقے ترال میں پیدا ہونے والا یہ نوجوان بھارتی جبر کے خلاف ابتدا ہی سے سراپا احتجاج بن چکا تھا۔

13 اپریل 2015 کو بھارتی فورسز نے اس کے بھائی کو شہید کیا اور یہی لمحہ برہان کی زندگی کا موڑ ثابت ہوا، برہان نے ہتھیار کے ساتھ ساتھ سوشل میڈیا کو بھی جدوجہد کا میدان بنایا، اس کی آواز قابض قوتوں کے ایوانوں میں گونجی اور وہ کشمیری نوجوانوں کا ’’پوسٹر بوائے‘‘ بن گیا۔

بھارتی فوج نے 08 جولائی 2016ء کو ایک جھڑپ میں اسے شہید کر دیا، لیکن اس کی سوچ، جذبہ اور مشن آج بھی زندہ ہیں، یوم شہادت پر ریاست کے دونوں جانب کشمیری عوام اسے خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں اور دنیا کی توجہ کشمیر کی آزادی کی طرف مبذول کرواتے ہیں۔