اقوام متحدہ 130 دن بعد پہلی بار غزہ کو ایندھن پہنچانے میں کامیاب

Published On 11 July,2025 09:15 am

نیویارک: (انٹرنیشنل ڈیسک) اقوام متحدہ کے ترجمان سٹیفن دوجاریک نے کہا ہے کہ اس کی ایک ٹیم نے 130 دن بعد پہلی بار غزہ کی پٹی میں تقریباً 75 ہزار لٹر ایندھن پہنچا دیا ہے۔

یہ چار ماہ سے زائد عرصے بعد اپنی نوعیت کی پہلی کھیپ ہے، محصور غزہ کی پٹی میں انسانی بحران شدت اختیار کر رہا ہے، اقوام متحدہ کے ترجمان سٹیفن دوجاریک نے کہا کہ یہ 130 دنوں میں اس قسم کی پہلی کھیپ ہے۔

دوجاریک نے مزید کہاکہ ایندھن کی مقدار توانائی کی ضروریات کے ایک دن کے لیے بھی کافی نہیں ہے، ایندھن اب بھی کم پڑ رہا ہے اور اگر فوری طور پر بہت زیادہ مقدار میں ایندھن نہ پہنچایا گیا تو مختلف سروسز بند ہو جائیں گی۔

اسرائیلی حکام نے 2 مارچ سے غزہ پٹی میں ایندھن سمیت ہر قسم کی امداد کے داخلے پر پابندی عائد کر رکھی تھی جس کو اقوام متحدہ نے بین الاقوامی انسانی قانون کی خلاف ورزی قرار دیا تھا ، یہ اقدام 7 اکتوبر 2023 سے جاری جنگ کے دوران عام شہریوں کی مشکلات میں اضافے کا باعث بنا۔

واضح رہے کہ ایک روز قبل غزہ کی وزارت صحت کی جانب سے بتایا گیا تھا کہ ایندھن نہ ہونے کی وجہ سے غزہ کے دو بڑے ہسپتال بند ہونے کے قریب پہنچ گئے ہیں، اگر ایندھن نہ ملا تو یہ ہسپتال خاموش قبرستان میں تبدیل ہو جائیں گے۔