سڈنی: (دنیا نیوز) آسٹریلیا میں برفانی طوفان نے تباہی مچا دی، 16 انچ کی ریکارڈ توڑ برفباری سے سے زندگی مفلوج، ہزاروں گھر بجلی سے محروم ہوگئے۔
خبرایجنسی کے مطابق مشرقی آسٹریلیا میں آنے والے شدید برفانی طوفان نے معمولات زندگی درہم برہم کر دیئے، مختلف علاقوں میں 20 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا، ہنگامی صورتحال پیدا ہو گئی۔
سڑکوں اور بجلی کی بندش جیسے خطرناک حالات سے ہزاروں شہری متاثر ہو گئے، برفباری اور بارشوں کے بعد سڑکیں، گاڑیاں اور گھر برف سے ڈھک گئے۔
خبرایجنسی کے مطابق سیکڑوں گاڑیاں سیلاب میں پھنس گئیں، متعدد حادثات بھی رپورٹ ہوئے، مختلف علاقوں میں اب تک ایک ہزار 445 سے زائد حادثات رپورٹ ہوئے۔
برف میں 100 سے زائد گاڑیاں پھنس گئیں، آندھی سے کئی عمارتوں کو نقصان پہنچا، آسٹریلیا کے شمال مغربی خطے کے کچھ حصوں میں 20 برسوں میں سب سے زیادہ برف باری ہوئی۔
خبرایجنسی کے مطابق ریاست کوئنز لینڈ کے ایک علاقے میں 10 برسوں بعد پہلی بار برف پڑی۔