روس سے تیل کی خریداری، ٹرمپ کا بھارت کےٹیرف میں مزید اضافےکا اعلان

Published On 04 August,2025 08:38 pm

واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارت پر اضافی ٹیرف لگانے کا اعلان کردیا۔

سوشل میڈیا پر ایک بیان میں امریکی صدر نے کہا کہ بھارت نہ صرف بڑی مقدار میں روسی تیل خرید رہا ہے بلکہ اسے اوپن مارکیٹ میں فروخت کرکے منافع بھی کما رہا ہے، بھارت کو کوئی پرواہ نہیں کہ یوکرین میں روسی جنگی مشین کتنے لوگوں کو مار رہی ہے۔

یاد رہے کہ گذشتہ ماہ مے آخر میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا بھارت پر 25 فیصد ٹیرف کا اعلان کیا تھا، امریکی صدر کا کہنا تھا کہ بھارت کو روس سے مسلسل فوجی سازو سامان اورتیل خریداری پر جرمانہ بھی دینا ہوگا، یہ ٹیرف یکم اگست سے نافذ ہوگا۔

بھارتی حکومت نے ردعمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ ٹرمپ کے اعلان سے ہونے والے مضمرات کا جائزہ لے رہے ہیں، امریکا کے ساتھ منصفانہ تجارتی معاہدہ کرنے کیلئے پُرعزم ہیں۔

بھارتی حکومت کی جانب سے کہا گیا کہ امریکا اور بھارت گزشتہ چند ماہ سے منصفانہ، متوازن اور باہمی مفاد کے تجارتی معاہدے پر دو طرفہ بات چیت کر رہے ہیں، تجارتی بات چیت کے مقاصد حاصل کرنے کا ہمارا عزم برقرار ہے۔