ڈھاکہ: (دنیا نیوز، ویب ڈیسک) بنگلہ دیش کی عبوری حکومت نے ملک میں عام انتخابات کے انعقاد کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق بنگلہ دیش کی عبوری حکومت نے اعلان کیا ہے کہ ملک میں عام انتخابات فروری 2026 میں ہوں گے۔
یاد رہے کہ 2024 میں بنگلہ دیش بھر میں طلبہ کی قیادت میں پرتشدد احتجاجی مظاہرے شروع ہوئے تھے جن کے نتیجے میں اُس وقت کی وزیر اعظم شیخ حسینہ کی حکومت کا خاتمہ ہوا۔
ان مظاہروں کے بعد ملک میں ایک غیر منتخب عبوری حکومت قائم کی گئی جو تاحال ملکی امور چلا رہی ہے، یہ عبوری حکومت نوبیل امن انعام یافتہ محمد یونس کی سربراہی میں کام کر رہی ہے۔
محمد یونس نے اگست 2024 میں ملک کی باگ ڈور سنبھالی، جب مظاہروں کے باعث شیخ حسینہ ملک چھوڑ کر بھارت چلی گئیں۔
محمد یونس نے اپنے حالیہ بیان میں کہا کہ ان کی حکومت ایک ایسا انتخابی عمل یقینی بنانا چاہتی ہے جس میں سب سے زیادہ ووٹرز، امیدوار اور سیاسی جماعتیں حصہ لیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ ہم چاہتے ہیں کہ یہ انتخابات ملک کی تاریخ کے سب سے آزاد، شفاف اور منصفانہ انتخابات کہلائیں۔