غزہ: (دنیا نیوز) اسرائیل کا غزہ پر زمینی و فضائی حملوں میں اضافہ ہوگیا، 24 گھنٹے میں مزید 90 فلسطینی شہید اور 421 زخمی ہوگئے۔
اسرائیل کے جبری قحط سے مزید7 فلسطینی جاں بحق ہوگئے جبکہ تعداد 339 ہوگئی، صیہونی فوج کی شیخ رضوان میں امدادی مرکز کے قریب بمباری سے خواتین اور بچے شہید ہوئے۔
بچوں اور خواتین کی ہلاکتوں پر عالمی برادری نے اظہار تشویش کیا،غزہ میں فاقہ کشی کی صورتحال پر عالمی ادارے نے قحط کا انتباہ جاری کردیا۔
واضح رہے کہ اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا تھا کہ اس نے تازہ فضائی حملے میں حماس کے عسکری ونگ کے ترجمان ابو عبیدہ کو نشانہ بنایا ہے، یہ حملہ غزہ کی ایک رہائشی عمارت کی پہلی اور دوسری منزل پر کیا گیا تھا۔
غزہ میں اسرائیلی حملے میں القسام بریگیڈ کے ترجمان ابو عبیدہ کی شہادت کی تصدیق ہو گئی تھی، فلسطینی ذرائع کے مطابق ابوعبیدہ کے عزیزوں نے لاش کی شناخت کر دی ہے۔
یاد رہے کہ غزہ میں انسانی بحران مزید سنگین ہوگیا ہے جہاں قحط اور بھوک کی وجہ سے کئی فلسطینی دم توڑ چکے ہیں، فلسطینی حکام کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج کی رکاوٹوں کے باعث امداد متاثر ہو رہی ہے اور عالمی برادری سے فوری اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ برطانیہ نے غزہ میں فوجی آپریشن کی توسیع کے باعث اسرائیلی حکام کو لندن میں ہونے والی دفاعی نمائش میں مدعو نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔