افغانستان: زلزلے سے اموات کی تعداد 1400 سے تجاوز کر گئی، 8000 گھر تباہ

Published On 02 September,2025 02:24 pm

کابل: (دنیا نیوز) افغان نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے بتایا کہ افغانستان میں زلزلے سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 1400 سے بڑھ گئی، جبکہ زخمیوں کے تعداد 3 ہزار ہے۔

افغان ہلال احمرنے بتایا کہ افغانستان میں زلزلے سے 8 ہزار گھر تباہ ہوئے ہیں جبکہ 1124 لاشیں مل چکی ہیں۔

زلزلے سے کم از کم پانچ صوبوں میں اموات ہوئی ہیں اور بڑے پیمانے پر نقصان ہوا ہے، شام گئے تک ریسکیو اہلکار تباہ شدہ گھروں سے لوگوں کو نکال رہے تھے اور زخمیوں کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے منتقل کر رہے تھے۔

مشرقی صوبہ کنڑ میں آفات سے نمٹنے کے محکمے کے سربراہ احسان اللہ احسان نے بتایا کہ ریسکیو آپریشن اب بھی جاری ہے، بہت سے لوگ اپنی چھتوں کے ملبے کے نیچے دبے ہوئے ہیں، مرنے والوں کی تعداد میں اضافہ ہو سکتا ہے۔

پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے افغانستان میں زلزلے سے سینکڑوں اموات پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم افغان بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور اس سلسلے میں ہر ممکن تعاون دینے کے لیے تیار ہیں۔

ایکس پر شیئر کیے گئے پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ اس غم کی گھڑی میں ہماری ہمدردیاں متاثرہ افراد اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں، پاکستان کے عوام اور حکومت کی جانب سے میں سوگوار خاندانوں کے لیے دلی تعزیت اور دعاؤں کا اظہار کرتا ہوں۔

اقوام متحدہ کی مائیگریشن ایجنسی نے خبردار کیا کہ کنڑ کے دور دراز صوبوں میں واقع کچھ شدید متاثرہ دیہات سڑکوں کی بندش کی وجہ سے ناقابل رسائی ہیں۔

صوبے ننگرہار اور کنڑ پاکستان کی سرحد سے ملتے ہیں جہاں طورخم کراسنگ دونوں ممالک کے درمیان زمینی آمد و رفت کا اہم مرکز ہے۔

اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریش نے زلزلے سے ہونے والے جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا۔

پوپ لیو نے کہا کہ وہ مشرقی افغانستان میں زلزلے کے باعث ہونے والے جانی نقصان پر رنجیدہ ہیں۔

یاد رہے کہ پاکستان میں زلزلہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، اردگرد کے علاقوں اور خیبر پختونخوا کے کئی اضلاع میں محسوس کیا گیا، زلزلہ رات 2 بج کر 18 منٹ پر آیا اور اس کا مرکز جنوب مشرقی افغانستان میں تھا۔

پشاور، مردان، مری اور ملحقہ علاقوں میں بھی شدید جھٹکے محسوس کیے گئے جس سے لوگ خوف و ہراس کے عالم میں گھروں سے باہر نکل آئے، اسی طرح کی اطلاعات چکوال، ٹیکسلا، واہ کینٹ اور لاہور سے بھی موصول ہوئیں۔

بعض اطلاعات کے مطابق زلزلے کے جھٹکے انڈیا ے کچھ حصوں میں بھی محسوس کیے گئے۔

کابل انتظامیہ کے مطابق افغانستان میں زلزلہ پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا سے متصل مشرقی صوبے کنڑ میں سب سے زیادہ محسوس ہوا۔

کابل انتظامیہ کی رپورٹ کے مطابق صوبہ کنڑ میں چوکی کے یوہ گل اور نورگل کے مزار درہ جانے والی سڑکیں پہاڑی تودے گرنے کے باعث بند ہو گئی ہیں، جس سے امدادی کارروائیاں متاثر ہو رہی ہیں۔

بعض اطلاعات کے مطابق زلزلے کے جھٹکے وقفے وقفے سے اب بھی محسوس ہو رہے ہیں۔