نیتن یاہو نے ٹرمپ کو دوحہ پر حملہ کرنے سے 50 منٹ پہلے آگاہ کیا تھا: امریکی میڈیا کا انکشاف

Published On 16 September,2025 03:52 am

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) نیتن یاہو کا دوحہ پر حملے سے 50 منٹ پہلے ٹرمپ کو آگاہ کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔

امریکی میڈیا نے انکشاف میں 3 اسرائیلی حکام کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ امریکا کو دوحہ پر میزائل داغے جانے سے پہلے ہی حملے کی اطلاع دے دی گئی تھی۔

امریکی میڈیا کے مطابق اسرائیلی حکام نے امریکی میڈیا کو بتایا کہ نیتن یاہو اور ٹرمپ کے درمیان پہلے سیاسی سطح پر بات ہوئی اور پھر فوجی حکام کے ذریعے معلومات فراہم کی گئیں۔

امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ اسرائیلی حکام کا بتانا تھا کہ امریکا صرف دکھاوا کر رہا ہے، اگر صدر ٹرمپ چاہتے تو حملہ روک سکتے تھے لیکن انہوں نے ایسا نہیں کیا اور اگر ٹرمپ اس حملے کی مخالفت کرتے تو اسرائیل قطر پر حملے کا فیصلہ ترک کر دیتا۔

واضح رہے کہ اسرائیل نے 9 ستمبر کو دوحہ میں حماس قیادت کو نشانہ بنایا تھا، دوحہ حملے کے بعد وائٹ ہاؤس کا کہنا تھا کہ جب اسرائیلی میزائل فضا میں تھے تب امریکا کو بتایا گیا تھا اور اس وقت صدر ٹرمپ کے پاس مخالفت کا موقع نہیں بچا تھا۔