لندن: (ویب ڈیسک) حماس نے سیاسی بیورو کے رکن خلیل الحیا کی ایک نئی ویڈیو جاری کر دی جس میں انہوں نے کہا کہ میرے بیٹوں سمیت شہید ہونے والوں کا خون فتح کا راستہ ہوگا۔
برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق دونوں فریقین کے سفارتی اور سکیورٹی ذرائع نے بتایا ہے کہ حماس اور اسرائیل کے درمیان بالواسطہ مذاکرات کا نیا دور آج اتوار کو شروع ہو گا۔
حماس نے اپنی وضاحت میں لکھا ہے کہ دوحہ پر اسرائیلی حملے کے دوران خلیل الحیا کے بیٹے اور چیف آف سٹاف اور ان کے دفتر کے متعدد اراکین شہید ہو گئے تھے۔
واضح رہے کہ اسرائیلی وزیراعظم نتن یاہو نے ایک فون کال میں قطر سے اس حملے پر سرکاری طور پر معافی مانگی تھی۔
حماس رہنما کی ویڈیو سب سے پہلے قطر کے العربیہ چینل نے نشر کی تھی اور اس میں خلیل الحیا نے جو حالیہ مہینوں میں جنگ بندی مذاکرات میں حماس کی مذاکراتی ٹیم کے انچارج تھے، ایک پیغام جاری کیا۔
خلیل الحیا کا پیغام اسی وقت جاری کیا گیا جب اسرائیل اور حماس نے ڈونلڈ ٹرمپ کے جنگ بندی کے منصوبے پر اصولی طور پر اتفاق کیا تھا۔
خلیل الحیا نے اس پیغام میں کہا کہ ان کے بیٹوں سمیت دیگر شہید ہونے والوں کا خون فتح کا راستہ ہو گا، چاہے میرے بیٹے، میرے ساتھی اور باقی افراد کی شہادت سے مجھے کتنی ہی تکلیف کیوں نہ ہو، میں ان میں اور غزہ کی پٹی کے باقی لوگوں میں فرق نہیں کرتا، وہ سب میرے بچے ہیں۔
خلیل الحیا کی عمر 64 سال ہے اور کہا جاتا ہے کہ ان کے غزہ میں حماس کی قیادت سے قریبی تعلقات ہیں۔
اکتوبر 2024 میں حماس کے سیاسی بیورو کے سابق سربراہ یحییٰ سنوار کے قتل کے بعد خلیل الحیا کا نام ان کی جانشینی کے لیے ایک آپشن کے طور پر سامنے آیا تھا۔
خلیل الحیا سیاسی بیورو کے رکن اور حماس کے عرب اور اسلامی تعلقات کے بیورو کے سربراہ ہیں، انہوں نے غزہ جنگ کے لیے مذاکراتی ٹیم کی سربراہی بھی کی، یہ واضح نہیں ہے کہ آیا الحیا آئندہ مذاکرات میں فلسطینی ٹیم کی قیادت کرتے رہیں گے۔