غزہ: (دنیا نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی واضح ہدایات کے باوجود اسرائیل کی جانب سے غزہ پر فضائی حملوں کا سلسلہ جاری ہے، غزہ میں جاری صیہونی فورسز کے حملوں سے مزید 107 فلسطینی شہید اور 265 زخمی ہو گئے۔
عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج نے غزہ سٹی میں بارودی مواد کے ذریعے متعدد عمارتیں تباہ کر دیں، صیہونی بربریت میں بچے اور خواتین بھی شہید ہوئیں۔
غزہ شہر کے تفاح علاقے میں ایک گھر پر اسرائیلی حملے میں 4 افراد شہید، متعدد زخمی ہوئے، خان یونس میں عارضی کیمپ پر اسرائیلی فضائی حملے میں 2 بچوں سمیت متعدد شہید ہو گئے۔
یہ بھی پڑھیں: حماس کا جواب: امریکی صدر کا اسرائیل سے غزہ میں فوری حملے روکنے کا مطالبہ
عرب میڈیا کے مطابق حملے میں 20 گھر تباہ ، زیادہ تر افراد گھروں کے ملبے تلے دب کر شہید ہوئے۔
غزہ میں بھوک اور علاج کی کمی سے مزید 2 بچے جان کی بازی ہار گئے، غزہ میں خوراک کی کمی سے جاں بحق افراد کی تعداد 459 ہوگئی۔
عرب میڈیا کےمطابق فلسطین میں شہدا کی تعداد 67 ہزار سے تجاوز کر گئی، 1 لاکھ 69 ہزار سے زائد فلسطینی زخمی ہو چکے۔