ٹرمپ کے اسرائیلی پارلیمنٹ میں خطاب کے دوران اراکین اسمبلی کا احتجاج

Published On 13 October,2025 04:40 pm

تل ابیب: (دنیا نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خطاب کے دوران اسرائیلی پارلیمنٹ میں احتجاج کیا گیا، احتجاج کرنے والے اراکین اسمبلی کو سیکیورٹی عملہ باہر لے گیا۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اسرائیل پہنچ گئے ہیں، جہاں وہ کنیسٹ (اسرائیلی پارلیمنٹ) سے خطاب کررہے ہیں، اس کے بعد وہ مصر جائیں گے جہاں وہ امن معاہدے سے متعلق بین الاقوامی سربراہی اجلاس کی مشترکہ صدارت کریں گے۔

ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ یہ مشرق وسطی کے ایک نئے تاریخی دور کا آغاز ہے۔ لوگوں کو لگ رہا تھا ہم غزہ میں امن کی کوششوں پر وقت ضائع کر رہے ہیں

اسرائیلی پارلیمنٹ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ غزہ میں توجہ اب تعمیر نو کی طرف ہونی چاہیے۔ اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی تاریخ ساز لمحہ ہے۔

اس دوران ایوان میں شور شرابا بھی کیا گیا جب کہ احتجاج کرنے والے رکن کو سیکیورٹی اہلکار باہر لے گئے جس پر ٹرمپ نے کہا کہ سیکیورٹی حکام نے بہت مستعدی سےکام کیا۔

 اسرائیلی رکنِ پارلیمان ایمن عودہ نے چند گھنٹے قبل ’ایکس‘ پر اپنی پوسٹ میں لکھا ’ایوان میں موجود منافقت کی حد ناقابلِ برداشت ہے‘۔

اسرائیلی رکن پارلیمنٹ کا مزید کہنا تھا کہ صرف جنگ بندی اور مجموعی معاہدے کی وجہ سے میں یہاں موجود ہوں، صرف قبضے کے خاتمے اور صرف اسرائیل کے ساتھ ریاستِ فلسطین کو تسلیم کرنے سے ہی سب کے لیے انصاف، امن اور سلامتی ممکن ہے۔