جنگ بندی معاہدہ، 1 ہزار968 فلسطینی قیدی رہا کر دیئے: اسرائیلی جیل ذرائع

Published On 13 October,2025 09:20 pm

تل ابیب: (دنیا نیوز) امن معاہدے کے تحت اسرائیلی جیلوں سے مظلوم فلسطینیوں کی رہائی کا سلسلہ جاری ہے۔

اسرائیلی جیل ذرائع نے کہا ہے کہ جنگ بندی معاہدے کے تحت 1 ہزار968 فلسطینی قیدی رہا کر دیئے گئے ہیں، غزہ وزارتِ صحت کے مطابق رہا ہونے والے فلسطینیوں کو غزہ میں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

فلسطینی حکام کا کہنا ہے کہ اسرائیلی قید سے تقریباً دو ہزار فلسطینی قیدیوں کی رہائی مکمل ہوگئی، قیدیوں کو دو گروپوں میں تقسیم کر کے رہا کیا گیا۔

پہلے گروپ کو اوفر جیل سے رہائی کے بعد مقبوضہ مغربی کنارے میں منتقل کر دیا گیا، دوسرے گروپ کو کیتزیوٹ جیل سے کریم شالوم سرحدی گزرگاہ کے راستے غزہ پہنچایا گیا۔

اسرائیلی حکام کا کہنا ہے کہ قیدیوں کی رہائی پولیس اور سکیورٹی اہلکاروں کی نگرانی میں عمل میں آئی، غزہ کے متعدد علاقوں میں قیدیوں کی رہائی پر خوشی کے مظاہرے اور جشن کا سماں دیکھنے میں آیا۔