ہنوئی: (دنیا نیوز) ویتنام میں ریکارڈ بارشوں نے تباہی مچا دی جہاں 1 لاکھ 16 ہزار گھر زیرِ آب آگئے جبکہ شدید بارشوں سے ویتنام کے 3 بڑے سیاحتی شہر ڈوب گئے۔
خبر ایجنسی کے مطابق سیلابی صورت حال کے باعث مختلف حادثات میں متعدد افراد ہلاک اور درجنوں لاپتہ ہوگئے، سیلابی پانی سڑکوں پر پھیل گیا ہے جبکہ گاڑیاں اور مکانات کیچڑ میں دب چکے ہیں، دریاؤں میں طغیانی آنے سے ملک کے کئی علاقوں میں زندگی مکمل طور پر مفلوج ہوگئی ہے۔
مختلف شہروں میں بجلی کا نظام معطل اور دیگر علاقوں سے زمینی رابطے منقطع ہوگئے، بارشوں کے باعث 12 ہزار ایکڑ سے زائد فصلیں تباہ ہو چکی ہیں، حکومت نے ہنگامی حالت نافذ کر دی، ریسکیو ٹیمیں امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں جبکہ اقوامِ متحدہ نے بھی ویتنام میں امدادی کارروائیوں میں مدد کی پیشکش کی ہے۔



