امن کے دشمن اسرائیل کی دہشتگردی تھم نہ سکی، غزہ پر بمباری، 2 فلسطینی شہید

Published On 04 November,2025 02:54 am

غزہ: (دنیا نیوز) امن کے دشمن اسرائیل کی دہشت گردی تھم نہ سکی، غزہ امن معاہدے کی بار بار خلاف ورزیاں جاری رہیں۔

صیہونی فضائیہ نے خان یونس اور جنوبی غزہ پر بمباری کی، دیر البلاح کے مشرقی علاقوں میں اسرائیلی توپ خانے سے بھی گولہ باری کی گئی، مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج اور آبادکاروں کے حملے میں 2 فلسطینی شہید ہوگئے، غزہ امن معاہدہ کے بعد اسرائیلی حملوں میں شہادتوں کی تعداد 236 ہو گئی۔

یاد رہے کہ حماس نے مزید 3 اسرائیلی قیدیوں کی لاشیں حوالے کر دیں، اسرائیل کی جانب سے 45 فلسطینی قیدیوں کی میتیں خان یونس منتقل کی گئیں، عرب میڈیا کے مطابق غزہ میں اب تک 270 لاشیں واپس آئیں، صرف 75 کی شناخت ہو پائی۔

واضح رہے کہ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کا کابینہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ غزہ میں کارروائیوں سے متعلق امریکاکو آگاہ کرتے ہیں اجازت نہیں مانگتے، نیتن یاہو نے دعویٰ کیا تھا کہ غزہ کے کچھ حصوں میں اب بھی حماس کے مراکز موجود ہیں جنہیں مکمل طور پر ختم کیا جا رہا ہے، رفح اور خان یونس میں حماس کے مراکز ہیں جنہیں جلد ختم کر دیا جائے گا۔

اسرائیلی وزیراعظم کا یہ بھی کہنا تھا کہ اگر ہماری فوج پر حملے کی کوشش کی گئی تو ہم حملہ آوروں اور ان کی تنظیم دونوں کو نشانہ بنائیں گے، ہم اپنی فوج کے تحفظ کے لیے ہر ممکن کارروائی کریں گے، غزہ میں اپنی فوج کو نقصان پہنچانے کی کسی بھی کوشش کا بھرپور جواب دیں گے اور حماس کے خلاف کارروائیاں بھی جاری رکھیں گے۔

انہوں نے مزید کہا تھا کہ غزہ میں کی جانے والی کارروائیاں امریکا کو رپورٹ کی جاتی ہیں لیکن کسی قسم کی اجازت نہیں لی جاتی، وہ اعلیٰ سطح پر سکیورٹی کی ذمہ داری خود لیتے ہیں اور اسے کسی صورت ترک نہیں کریں گے۔