ابوظہبی: (ویب ڈیسک) ابوظہبی کا امادیئس کیساتھ سیاحت کے فروغ کیلئے شراکت میں توسیع کا اعلان کر دیا۔
مقامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق یہ اعلان ورلڈ ٹریول مارکیٹ لندن میں کیا گیا جہاں بتایا گیا کہ امادیئس ڈیجیٹل میڈیا کے ساتھ اس نئی توسیع کا مقصد ابوظہبی آنے والے سیاحوں کی تعداد میں 60 فیصد اضافہ کرنا ہے جو گزشتہ سال کے مقابلے میں نمایاں ترقی ہوگی۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ نئی شراکت کے تحت مصنوعی ذہانت (اے آئی) سے چلنے والی جدید ڈیجیٹل اشتہاری مہمات شروع کی جائیں گی جو ان مسافروں کو ہدف بنائیں گی جو اپنی اگلی منزل کی تلاش میں ہیں، اس مہم کا ایک اہم مقصد ان نئے سیاحوں تک پہنچنا ہے جنہوں نے پہلے کبھی ابوظہبی کو سیاحتی مقام کے طور پر نہیں سوچا تھا تاکہ متحدہ عرب امارت کی عالمی پہچان میں اضافہ کیا جا سکے۔
اس اقدام سے ہوٹل انڈسٹری، ٹریول ایجنٹس اور دیگر سیاحتی شعبے کے سٹیک ہولڈرز کو بھی نمایاں فائدہ پہنچنے کی توقع ہے کیونکہ اس سے بکنگز میں اضافہ اور بین الاقوامی توجہ حاصل ہوگی۔
محکمہ سیاحت ابوظہبی کے ڈائریکٹر جنرل صالح محمد الجزیری نے کہاکہ امادیئس کے ساتھ ہماری دیرینہ شراکت عالمی سطح پر ابوظہبی کی متنوع سیاحتی پیشکشوں کو اجاگر کرنے میں نہایت مؤثر ثابت ہوئی ہے، اس نئی توسیع سے ہمیں 2030ء کی سیاحت حکمت عملی کے اہداف کے حصول میں مزید مدد ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ امادیئس کی جدید ٹیکنالوجی اور وسیع عالمی رسائی کے ذریعے ابوظہبی ناصرف سیاحوں کی تعداد بڑھانے بلکہ نئے اور ابھرتی ہوئی بین الاقوامی مارکیٹوں میں اپنی شناخت مستحکم کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ امادیئس کی ٹیکنالوجی اور مارکیٹ انٹیلی جنس کو ابوظہبی کے وژنری نقطۂ نظر کے ساتھ ملانے سے سیاحتی تجربات کو زیادہ ذاتی، بامعنی اور متاثرکن بنایا جا سکے گا۔



