نئی دہلی: (دنیا نیوز) بنگلہ دیش کی معزول وزیراعظم حسینہ واجد نے کہا ہے کہ عدالت جو مرضی فیصلہ کرے مجھے پرواہ نہیں ہے،مجھ پر لگائے گئے تمام الزامات جھوٹے ہیں۔
بھارت میں پناہ لینے والی بنگلہ دیش کی سابق وزیراعظم نے کہا کہ اللہ نے زندگی دی ہے اور وہی لے گا، میں بنگلہ دیشی عوام کے لیے کام جاری رکھوں گی۔
حسینہ واجد نے بھارت سے بیان جاری کیا کہ والدین اور بہن بھائیوں کو کھو چکی ہوں، میرا گھر بھی جلا دیا گیا، پارٹی کارکن پریشان نہ ہوں،یہ وقت کی بات ہے، میں جانتی ہوں آپ تکلیف میں ہیں مگر ہم سب کچھ یاد رکھیں گے اور حساب ہوگا۔
دوسری طرف 78 سالہ شیخ حسینہ واجد کی جماعت عوامی لیگ نے آج ملک بھر میں مکمل پہیہ جام ہڑتال کی کال دے رکھی ہے جس کی وجہ سے ڈھاکہ کی گلیاں اور سڑکیں خالی نظر آ رہی ہیں۔
اس سے پہلے حسینہ واجد کے مشیر اور صاحبزادے سجیب واجد نے امریکا میں بیٹھ کر دھمکی دی تھی کہ شیخ حسینہ واجد کے خلاف فیصلے سے ملک میں تشدد کی لہر ابھرے گی۔
واضح رہے کہ شیخ حسینہ واجد کے دور حکومت میں کم از کم 1400 مظاہرین کو گولی، لاٹھی سے مار دیا گیا تھا۔



