امریکی دھمکیاں: 6 ایئر لائنز کی وینزویلا کیلئے پروازیں منسوخ

Published On 24 November,2025 06:22 am

کراکس: (ویب ڈیسک) امریکی دھمکیوں کے باعث 6 ایئر لائنز نے وینزویلا کیلئے پروازیں منسوخ کر دی ہیں۔

عالمی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق امریکی فضائی ادارے کی جانب سے بڑھتی ہوئی فوجی سرگرمیوں اور خطے میں امریکی فورسز کی وسیع تعیناتی کے تناظر میں خبردار کئے جانے کے بعد 6 ایئرلائنز نے وینزویلا کیلئے اپنی پروازیں معطل کی ہیں۔

وینزویلا ایئرلائنز ایسوسی ایشن کی صدر ماریسیلا دی لوئیزا نے بتایا کہ جن ایئرلائنز نے پروازیں منسوخ کی ہیں ان میں ہسپانیہ، پرتگال، چلی ، کولمبیا ، برازیل اور ٹرینیڈاڈ و ٹوباگو کی ایئرلائنز شامل ہیں۔

انہوں نے یہ واضح نہیں کیا کہ معطلی کب تک جاری رہے گی جبکہ پاناما کی کوپا ایئرلائن،سپین کی ایئر یورپا، پلس الٹرا، ترکش ایئر لائن اور وینزویلا کی لاسر ایئرلائن فی الحال اپنی پروازیں جاری رکھے ہوئے ہیں۔

واضح رہے کہ امریکی فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن نے خبردار کرتے ہوئے کہا تھا کہ وینزویلا کی فضائی حدود میں شہری پروازیں خراب ہوتی سکیورٹی صورتحال اور بڑھتی ہوئی فوجی سرگرمیوں کے باعث غیر معمولی خطرات کا سامنا کر سکتی ہیں۔

بیان کے مطابق یہ خطرات پرواز کے ہر مرحلے اوور فلائٹ، لینڈنگ، ٹیک آف حتیٰ کہ زمینی ایئرپورٹس تک اثرانداز ہو سکتے ہیں۔

واشنگٹن نے خطے میں ایئرکرافٹ کیریئر اسٹرائیک گروپ، بحری جہاز اور اسٹیلتھ طیارے تعینات کئے ہیں جنہیں امریکی حکومت نے منشیات کی سمگلنگ روکنے کے اقدامات قرار دیا ہے تاہم وینزویلا میں اس تعیناتی کو رجیم چینج کی کوشش کے خدشات کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔