نیتن یاہو کی معافی کی درخواست، اسرائیلی صدر کی رہائش گاہ کے باہر شدید احتجاج

Published On 01 December,2025 01:46 am

تل ابیب: (دنیا نیوز) نیتن یاہو کی فیصلے سے پہلے معافی کی درخواست پر اسرائیلی صدر اسحاق ہرزوگ کی رہائشگاہ کے باہر شدید احتجاج کیا گیا۔

واضح رہے کہ نیتن یاہوپر رشوت، دھوکہ دہی اور اختیارات کے غلط استعمال کے الزامات ہیں، نیتن یاہو نے ان الزامات کی تردید کی ہے، موجودہ وزیراعظم کو سزا سے پہلے صدارتی معافی دینے کی کوئی مثال موجود نہیں۔

یہ بھی پڑھیں: نیتن یاہو کی اسرائیلی صدر سے کرپشن کیس میں معافی کی درخواست

نیتن یاہو کے وکلاء نے صدر کو لکھے خط میں مؤقف اختیار کیا کہ بدعنوانی کیس کی کارروائیاں ان کی حکمرانی کی صلاحیت میں رکاوٹ بن رہی ہیں۔

دوسری جانب اپوزیشن لیڈر یایر لیپڈ کا بھی کہنا تھا کہ نیتن یاہو کو اس وقت تک معافی نہیں ملنی چاہئے جب تک وہ جرم کا اعتراف نہ کرے، پچھتاوا کا اظہار اور فوری طور پر سیاست سے ریٹائر نہیں ہوتے۔

ادھر اسرائیلی صدر کے دفتر کا بھی بیان میں کہنا تھا کہ نیتن یاہو کی درخواست غیرمعمولی ہے اور اس کے سنجیدہ نتائج ہیں تاہم صدر متعلقہ حکام کے مشورے کے بعد اس درخواست پر ذمہ داری اور دیانت داری سے غور کریں گے۔