غزہ: (دنیا نیوز) غزہ میں اسرائیل کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزیاں، صیہونی فورسز کی فلسطینیوں پر بارود کی بارش جاری ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق 24 گھنٹے کے دوران غزہ میں اسرائیلی حملوں میں 12 فلسطینی شہید ہوئے، غزہ سٹی میں اسرائیلی فائرنگ سے 2 فلسطینی شہید، متعدد زخمی ہو گئے۔
شجاعیہ میں اسرائیلی فوج نے شہری آبادی کو براہ راست نشانہ بنایا، غزہ حکومت کے مطابق اسرائیل نے جنگ بندی کی 876 خلاف ورزیاں کیں۔
جنگ بندی کے باوجود اسرائیلی حملوں میں 411 فلسطینی شہید ہوچکے، اقوام متحدہ نے غزہ میں فضائی حملوں اور گولہ باری کی تصدیق کی ہے۔
اسرائیل معاہدے کے مطابق امدادی ٹرکوں کی اجازت دینے میں مسلسل انکاری ہے، سرد موسم اور بارشوں سے بے گھر فلسطینی خاندانوں کی مشکلات میں اضافہ ہو گیا ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق غزہ کے ہسپتال تباہ ہو چکے ہیں جبکہ ادویات کی شدید قلت سے طبی نظام مفلوج ہو کر رہ گیا ہے۔



