بھارتی ریاست کرناٹک میں بس اور ٹرک میں تصادم، 9 مسافر ہلاک، متعدد زخمی

Published On 26 December,2025 03:57 am

نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بھارت کی ریاست کرناٹک میں بس اور ٹرک میں تصادم کے باعث 9 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔

عالمی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق یہ حادثہ مقامی وقت کے مطابق رات تقریباً 2 بجے چتردرگا ضلع کے ہیری یور علاقے کے گورلاتھو گاؤں کے قریب قومی شاہراہ پر پیش آیا۔

پولیس کے مطابق مخالف سمت سے آنے والا ٹرک مبینہ طور پر ڈیوائیڈر عبور کرکے بس سے ٹکرا گیا جس کے بعد بس میں آگ بھڑک اٹھی اور وہ دیکھتے ہی دیکھتے شعلوں کی لپیٹ میں آ گئی۔

اطلاعات کے مطابق بس میں ڈرائیور اور کنڈکٹر سمیت 32 افراد سوار تھے، آگ لگنے کے باعث جانی نقصان میں اضافہ ہوا جبکہ کئی مسافر شدید زخمی ہو گئے جنہیں قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

حکام نے بتایا کہ بھارت میں مہلک سڑک حادثات معمول کی بات ہیں، جن کی بڑی وجوہات میں اوور لوڈنگ، سڑکوں کی خراب حالت اور لاپرواہ ڈرائیونگ شامل ہیں، پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہے۔