ٹرمپ کا پیوٹن سے ٹیلیفونک رابطہ، یوکرینی صدر سے ہونیوالی بات چیت سے آگاہ کیا

Published On 29 December,2025 11:50 pm

واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے ساتھ ٹیلی فونک رابطہ کیا ہے.

یہ رابطہ اس ملاقات کے ایک دن بعد ہوا جب صدر ٹرمپ نے فلوریڈا میں یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی سے ملاقات کی تھی، ٹیلیفونک رابطہ میں امریکی صدر نے ولادیمیر پیوٹن کو یوکرینی صدر سے ہونیوالی بات چیت سے متعلق آگاہ کیا ہے۔

وائٹ ہاؤس کی پریس سیکریٹری کیرولین لیوٹ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بتایا کہ صدر ٹرمپ نے یوکرین کے معاملے پر صدر پیوٹن کے ساتھ ایک مثبت کال مکمل کی ہے، جس کے ساتھ ہی انہوں نے دو دن میں دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والی دوسری گفتگو کی تصدیق کی۔

روسی صدر کے خارجہ امور کے معاون یوری اوشاکوف نے بھی دونوں صدور کے درمیان ٹیلی فونک رابطے کی تصدیق کی، جس کی خبر روسی سرکاری نیوز ایجنسی نے دی۔ اوشاکوف کے مطابق صدر پیوٹن کو صدر ٹرمپ اور ان کے سینیئر مشیروں کی جانب سے یوکرین کے ساتھ ہونے والے مذاکرات پر بریفنگ دی گئی۔

یہ فون کال ایسے وقت میں ہوئی جب ماسکو نے کیف پر شمالی روس میں صدر پیوٹن کی رہائش گاہ پر ڈرون حملہ کرنے کا الزام عائد کیا اور خبردار کیاکہ وہ یوکرین جنگ کے خاتمے کے لیے اپنی مذاکراتی پوزیشن پر نظرِ ثانی کرے گا۔

یوری اوشاکوف نے کہاکہ صدر پیوٹن نے صدر ٹرمپ کو بتایا کہ یوکرینی ڈرون حملے کے بعد روس امن مذاکرات میں اپنی پوزیشن کا جائزہ لے گا۔