وینزویلا میں امریکی کارروائی: اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس طلب

Published On 04 January,2026 08:59 pm

جنیوا: (ویب ڈیسک) اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا پیر کو ہنگامی اجلاس طلب کیا گیا ہے تاکہ امریکا کی وینزویلا میں فوجی کارروائی پر غور کیا جا سکے، جس کے نتیجے میں صدر نیکولس مادورو کو گرفتار کیا گیا، اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوٹیرس نے اس اقدام کو خطرناک مثال قرار دیا ہے۔

کولمبیا، جسے روس اور چین کی حمایت حاصل ہے، نے اس 15 رکنی کونسل کے ہنگامی اجلاس کی درخواست کی، گوٹیرس کے ترجمان اسٹفان ڈوجارک نے کہا کہ سیکرٹری جنرل تمام بین الاقوامی قوانین بشمول اقوام متحدہ کے چارٹر کا مکمل احترام کرنے کی اہمیت پر زور دیتے ہیں۔ وہ اس بات پر گہری تشویش رکھتے ہیں کہ بین الاقوامی قوانین کی پاسداری نہیں کی گئی۔

انہوں نے مزید کہا کہ وینزویلا کی صورتِ حال سے قطع نظر، یہ پیش رفت ایک خطرناک مثال قائم کرتی ہے۔ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل امریکا اور وینزویلا کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے حوالے سے اکتوبر اور دسمبر میں پہلے ہی دو اجلاس کر چکی ہے۔

وینزویلا کے اقوام متحدہ کے سفیر سیموئیل مونکاڈا نے سلامتی کونسل کو خط لکھا اور اس کارروائی کو نوآبادیاتی جنگ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ہماری جمہوری حکومت کو تباہ کرنے کے لیے کی گئی ہے۔

انہوں نے امریکا پر الزام لگایا کہ اس نے اقوام متحدہ کے چارٹر کی خلاف ورزی کی ہے، جو کسی بھی ریاست کی علاقائی سالمیت یا سیاسی آزادی کے خلاف طاقت کے استعمال یا دھمکی کو ممنوع قرار دیتا ہے۔