اسرائیل کی جانب سے صومالی لینڈ کو تسلیم کیے جانے پر سلامتی کونسل کا اجلاس طلب

Published On 28 December,2025 09:10 pm

جنیوا: (ویب ڈیسک) اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل نے اسرائیل کی جانب سے صومالی لینڈ کو تسلیم کرنے کے فیصلے پر غور کرنے کے لیے پیر کو ایک ہنگامی اجلاس طلب کیا ہے۔

اسرائیل نے جمعے کے روز صومالی لینڈ کو تسلیم کرنے کا اعلان کیا، جو اس وقت سامنے آیا جب چند دن بعد صومالیہ سلامتی کونسل کی صدارت سنبھالنے والا ہے۔ اسرائیلی وزیرِاعظم بنیامین نیتن یاہو نے کہا کہ یہ فیصلہ ’ابراہام معاہدوں کی روح‘ کے تحت کیا گیا ہے اور دونوں ممالک معاشی، زرعی اور سماجی ترقی کے شعبوں میں تعاون کریں گے۔

اس اعلان کے بعد خطے کے کئی ممالک نے شدید ردِعمل ظاہر کیا اور اسرائیل پر صومالیہ کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کو نقصان پہنچانے کا الزام عائد کیا، صومالی لینڈ 1991 میں صومالیہ سے الگ ہوا تھا، تاہم اسے اب تک عالمی سطح پر تسلیم نہیں کیا گیا تھا۔ اسرائیل اقوامِ متحدہ کا پہلا اور واحد رکن ملک بن گیا ہے جس نے صومالی لینڈ کی آزادی کو تسلیم کیا ہے۔

یورپی یونین نے اسرائیل کے فیصلے کی مذمت کرتے ہوئے صومالیہ کی وحدت، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے احترام پر زور دیا اور فریقین کے درمیان بامعنی مذاکرات کی حوصلہ افزائی کی۔

موغادیشو نے اسرائیل کے اقدام کو اپنی خودمختاری پر ’دانستہ حملہ‘ قرار دیا، 21 ممالک اور اسلامی تعاون تنظیم نے مشترکہ بیان میں اس فیصلے کو خطے کے امن و سلامتی کے لیے خطرہ قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا۔