ٹرمپ گرین لینڈ پر قبضہ کرنے کی دھمکیاں دینا بند کر دیں: ڈینش وزیراعظم

Published On 05 January,2026 02:22 pm

کوپن ہیگن: (ویب ڈیسک) ڈنمارک کی وزیرِاعظم میٹ فریڈرکسن نے ڈونلڈ ٹرمپ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ گرین لینڈ پر قبضے کی دھمکیاں دینا بند کریں۔

ڈینش وزیراعظم میٹ فریڈرکسن نے کہا کہ امریکا کے لیے گرین لینڈ پر قبضے کی ضرورت کے بارے میں بات کرنا بالکل بے معنی ہے، امریکہ کو ڈنمارک کی بادشاہت کے تین ممالک میں سے کسی کو ضم کرنے کا حق نہیں ہے۔

میٹ فریڈرکسن کے یہ ریمارکس اس وقت سامنے آئے جب ٹرمپ کے ایک مشیر سٹیفن ملر کی اہلیہ کیٹی ملر نے گرین لینڈ کا نقشہ امریکی پرچم کے رنگوں میں اور ساتھ لفظ ’’جلد‘‘ لکھ کر ٹویٹ کیا، ٹرمپ نے بارہا گرین لینڈ کی سٹریٹجک اہمیت اور معدنی وسائل کا حوالہ دیتے ہوئے اسے امریکا کا حصہ بنانے کے امکان کا ذکر کیا ہے۔

ڈنمارک کی وزیراعظم فریڈرکسن نے کہا کہ وہ امریکہ سے براہِ راست مخاطب ہیں، گرین لینڈ سمیت ڈنمارک نیٹو رکن ہے، ڈنمارک کا امریکا کے ساتھ دفاعی معاہدہ ہے جو اسے گرین لینڈ تک رسائی دیتا ہے اور ڈنمارک نے آرکٹک خطے میں سکیورٹی پر سرمایہ کاری بڑھا دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں اس لیے امریکہ سے سختی سے اپیل کروں گی کہ وہ ایک قریبی اتحادی اور ایک دوسرے ملک اور عوام کے خلاف دھمکیاں دینا بند کرے، ہم نے بہت واضح طور پر کہا ہے کہ ہم فروخت کے لیے نہیں ہیں۔

اس سے پہلے ایئر فورس ون پر سوار ٹرمپ نے کہا تھا کہ ہمیں قومی سلامتی کے نقطۂ نظر سے گرین لینڈ کی ضرورت ہے اور ڈنمارک یہ نہیں کر سکے گا۔

یہ معاملہ اس وقت زیرِ بحث ہے کہ جب امریکہ نے وینزویلا کے خلاف ایک بڑی فوجی کارروائی کی، اس کے صدر مادورو اور ان کی اہلیہ کو پکڑ کر نیویارک منتقل کر دیا۔