مظاہرین کو قتل کیا تو بہت سخت جواب دیں گے، ٹرمپ کی ایران کو ایک بار پھر دھمکی

Published On 09 January,2026 07:14 am

واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو ایک بار پھر دھمکی دی ہے کہ اگر مظاہرین کے خلاف کارروائی کی گئی تو امریکا اس کا سخت جواب دے گا۔

ایک انٹرویو میں امریکی صدر نے کہا کہ میں نے ایران کو واضح طور پر بتا دیا ہے کہ اگر لوگوں کو قتل کرنا شروع کیا، جیسا کہ وہ عموماً کرتے ہیں، تو ہم خاموش نہیں بیٹھیں گے۔

دوران انٹرویو جب میزبان نے کہا کہ مظاہروں میں درجنوں افراد ہلاک ہوچکے ہیں تو صدر ٹرمپ نے جواب دیا کہ بعض اموات بھگدڑ کے باعث بھی ہوئیں اور ضروری نہیں کہ یہ سکیورٹی فورسز کی کارروائی کا نتیجہ ہوں۔

ٹرمپ نے یہ بھی کہا کہ وہ ہر موت کا ذمہ دار کسی ایک فریق کو نہیں ٹھہرا سکتے لیکن ایران کو سختی سے خبردار کر دیا گیا ہے کہ اگر ایسا ہوا تو انہیں اس کی بھاری قیمت چکانا ہوگی۔

صدر ٹرمپ نے ایران میں حکومت مخالف مظاہرین کے نام پیغام میں کہا کہ آپ آزادی کیلئے کھڑے ہیں، آپ بہادر لوگ ہیں، یہ افسوسناک ہے کہ آپ کے ملک کے ساتھ کیا ہو رہا ہے، حالانکہ یہ ایک عظیم ملک تھا۔

واضح رہے کہ کہ ایران میں گزشتہ 12 روز سے عوام مہنگائی اور کرنسی کی قدر میں شدید گراوٹ کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں اور اس احتجاجی مظاہروں کے دوران درجنوں اموات ہوچکی ہیں۔

مظاہروں کے دوران ایران میں انٹرنیٹ سروس بھی بند کر دی گئی ہے، صدر مسعود پیزشکیان نے مظاہروں سے نمٹنے میں انتہائی تحمل کا مطالبہ کیا ہے، پُرتشدد احتجاج کو کنٹرول کرنے اور مزید پھیلنے سے روکنے کیلئے ملک بھر میں پولیس اور سکیورٹی اہلکاروں کی اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے۔