خلاصہ
- نوم پنہ: (ویب ڈیسک) کمبوڈیا میں آن لائن فراڈ کرنے والوں کیخلاف بڑا کریک ڈاؤن کیا گیا جس کے دوران 2 ہزار سے زائد غیر ملکی گرفتار کر لیا گیا۔
عالمی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق وزارت داخلہ کے ترجمان نے بتایا کہ کمبوڈیا نے آن لائن فراڈ کے خلاف تازہ ترین کریک ڈاؤن کے دوران مجموعی طور پر 2044ء غیر ملکیوں کو حراست میں لیا۔
ترجمان کے مطابق آٹھ مختلف قومیتوں سے تعلق رکھنے والے مشتبہ افراد کو جنوب مشرقی صوبہ سوائے ریئنگ کے شہر باویٹ میں واقع 22 عمارتوں پر مشتمل ایک کیسینو پر چھاپے کے دوران گرفتار کیا گیا، یہ شہر ویتنام کی سرحد سے متصل ہے۔
وزارت داخلہ کے ترجمان ٹچ سوکھاک نے ایک پریس ریلیز میں مزید بتایا کہ یہ واضح طور پر اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ کمبوڈین حکومت آن لائن فراڈ میں ملوث مجرموں کے خلاف کارروائیاں کبھی بھی نرم نہیں کرے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ کمبوڈیا مجرموں کے لئے محفوظ پناہ گاہ نہیں بلکہ ایک جہنم ہے، جنوب مشرقی ایشیائی ملک نے سائبر فراڈ نیٹ ورکس کے خلاف غیر معمولی ملک گیر کریک ڈاؤن شروع کر رکھا ہے، جس کا مقصد سکیورٹی، امن عامہ اور سماجی تحفظ کو برقرار رکھنا اور محفوظ بنانا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے کمبوڈیا کی آن لائن فراڈ کے خلاف قائم ایڈہاک کمیٹی کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ سات ماہ کے دوران 23 قومیتوں سے تعلق رکھنے والے مجموعی طور پر 5106 آن لائن فراڈ کے مشتبہ ملزمان کو گرفتار کیا گیا جن میں سے 4534 کو ان کے آبائی ممالک واپس بھیج دیا گیا ہے۔