خلاصہ
- تہران: (دنیا نیوز) تیسری عالمی جنگ کے خدشات، امریکا اسرائیل اور ایران نے طویل جنگ کی تیاریاں کر لیں۔
اسرائیل اور امریکا نے ایران کے 153 شہروں میں 504 مقامات پر حملے کیے، تہران میں سو طیاروں کے ذریعے لیڈر شپ کمپلیکس پر حملہ کیا گیا۔
اسرائیل نے ایرانی کے صدارتی آفس، سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کی عمارت اور عسکری ٹریننگ سینٹر پر حملے کا بھی دعویٰ کیا ہے۔
کرمان، اصفہان اور شیراز میں بھی حملے کئے گئے، جگہ جگہ دھماکے، ایران پر حملوں میں پاسداران انقلاب کے 18 اہلکار شہید ہوئے، سیاسی و عسکری عہدیداروں سمیت شہدا کی مجموعی تعداد 787 ہوگئی۔
ایرانی شہر میناب میں سکول پر حملے میں شہید طالبات کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی، نماز جنازہ میں ہزاروں افراد نے شرکت کی اور اسرائیل اور امریکا کے خلاف نعرے بازی کی، گرلز سکول پر حملے میں 165 طالبات شہید ہوئیں۔
دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے ایران کا ایئر ڈیفنس، فضائیہ، بحریہ اور قیادت ختم ہوچکی، ایران بات کرنا چاہتا ہے لیکن میں نے کہا اب بہت دیر ہوچکی۔
ایران کا امریکا کے ساتھ مذاکرات نہ کرنے کا اعلان
ایرانی وزارت خارجہ نے امریکا کے ساتھ مذاکرات نہ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ سفارتکاری کے دعویداروں نے فوجی راستہ اختیار کیا، دشمن ہمیشہ کے لیے رسوا ہوں گے۔
وزارت خارجہ کے مطابق عرب ممالک موجودہ صورتحال پر سنجیدگی سے غور کریں، ایران اس وقت برائی کے خلاف کھڑی واحد طاقت ہے۔
حالت جنگ میں ہونے کے باوجود ایران میں حکومتی سرگرمیاں جاری ہیں: ایرانی صدر
ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ حالت جنگ میں ہونے کے باوجود ایران میں حکومتی سرگرمیاں جاری ہیں۔
مسعود پزشکیان کا کہنا تھا کہ صوبائی گورنروں سے براہ راست رابطے میں ہیں، صورتحال غیرمعمولی ہے لیکن ملکی نظام رُکا نہیں ہے، پورے ملک میں معمول کی سرگرمیاں جاری ہیں۔
آسٹریلوی وزارت دفاع کی دبئی میں فوجی اجتماع کی تصدیق
آسٹریلوی وزارت دفاع نے ایرانی پاسداران انقلاب کی جانب سے دبئی میں امریکی فوجی اجتماع پر حملے کی تصدیق کردی۔
ترجمان آسٹریلوی وزارت دفاع کے مطابق ال منہاد ایئر بیس میں آسٹریلوی فوجی موجود تھے، حملے میں تمام محفوظ ہیں،100 آسٹریلوی اہلکار مشرقِ وسطیٰ میں تعینات ہیں،زیادہ تر یو اے ای میں ہیں۔
6 امریکی فوجیوں کی ہلاکتوں کی تصدیق
امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) نے ایران کے حملوں میں 6 امریکی فوجیوں کے ہلاک ہونے کی تصدیق کر دی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر سینٹ کام کے آفیشل اکاؤنٹ سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ امریکی افواج نے اُن دو فوجیوں کی باقیات بھی برآمد کر لی ہیں جو پہلے لاپتہ تھے، 2 لاپتہ فوجی ایران کے ابتدائی حملوں کے دوران مارے گئے تھے۔
اسرائیل کا لبنان میں مزید 59 علاقے خالی کرنے کے لئے انتباہ
اسرائیلی فوج نے جنوبی بیروت کے دو محلوں کے رہائشیوں کو کئی عمارتوں سے دور رہنے کی ہدایت بھی شامل ہے، کیونکہ وہاں جلد فوجی کارروائی متوقع ہے۔
جارح فوج نے ٹیلی گرام پر پیغام جاری کیا کہ لبنان کے 59 علاقوں کے رہائشیوں کے لیے ہنگامی انتباہ، خصوصاً ان دیہات کے مکینوں کے لیے جن کے نام درج کیے گئے ہیں، اپنی حفاظت کے لیے آپ فوری طور پر اپنے گھروں کو خالی کر دیں۔
ریاض میں امریکی سفارتخانے سے ڈرون ٹکرانے کے بعد آگ لگ گئی
سعودی وزارت دفاع کے مطابق واقعے میں عمارت کو جزوی نقصان پہنچا، عمارت خالی ہونے کے سبب کو ئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
رپورٹ کے مطابق امریکی سفارت خانے پر دو ڈرون ٹکرانے کے بعد ڈپلومیٹک کوارٹر میں دو دھماکے بھی سنے گئے۔
ادھر امریکی صدر نے ٹرمپ نے کہا کہ ریاض میں امریکی سفارت خانے پر حملے کا ردعمل جلد دکھائی دے گا، ردعمل میں امریکی فوجیوں کی ہلاکت کا بھی بدلہ شامل ہوگا۔
ایران کے خلاف جنگ میں امریکا کو اسرائیل نے دھکیلا، مارکو روبیو کا اعتراف
امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کیپٹل ہل پر 8 ارکان کانگریس کو بریفنگ میں کہا کہ ایران پر اسرائیل حملہ کرنے والا تھا، جواب میں امریکا کے نشانہ بننے کا خدشہ تھا، اگر دفاعی رویہ اپنایا جاتا تو امریکا کو زیادہ جانی نقصان اٹھانا پڑتا۔
رکن کانگریس جواکھم کاسترو نے کہا کہ ایران پر حملے کیلئے اکسا کر اسرائیل نے امریکا کو خطرے میں ڈالا، اسرائیل کو روکنے کے بجائے ٹرمپ انتظامیہ جنگ میں شریک ہوگئی۔
ٹرمپ کشیدگی کم کرنے میں مدد کریں، متحدہ عرب امارات اور قطر کا مطالبہ
بلومبرگ کے مطابق متحدہ عرب امارات اور قطر نے اتحادیوں سے مطالبہ کیا ہے کہ ٹرمپ ایران کے معاملے پر کشیدگی کم کرنے میں مدد کریں، امارات اور قطر ایک وسیع اتحاد بنانا چاہتے ہیں، تاکہ تنازع کا فوری سفارتی حل نکالا جا سکے۔
رپورٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات اور قطر خطے میں کشیدگی کے پھیلاؤ کو روکنا چاہتے ہیں، اور ایسا حل چاہتے ہیں جس سے توانائی کی قیمتوں میں اضافہ روکا جا سکے۔