خلاصہ
- ابوظہبی: (دنیا نیوز) متحدہ عرب امارات کا کہنا ہے کہ ایک روز میں 10 بیلسٹک میزائل، 26 ڈرونز کو تباہ کیا گیا۔
اماراتی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ میزائل اور ڈرون ایران کی جانب سے آئے تھے، کشیدگی کے آغاز سے اب تک 278 بیلسٹک میزائل، 1540 ڈرون روکے، حملوں کے نتیجے میں 6 افراد جاں بحق ہوئے۔
اماراتی وزارت دفاع نے مزید بتایا کہ جاں بحق افراد میں اماراتی، پاکستانی، نیپالی اور بنگلا دیشی شہری شامل ہیں۔
واضح رہے کہ اس سے پہلے متحدہ عرب امارات کی وزارتِ دفاع نے 28 فروری سے 11 مارچ 2026 تک ملک پر ہونے والے میزائل اور ڈرون حملوں کی تفصیلات جاری کرتے ہوئے بتایا تھا کہ اس عرصے میں مجموعی طور پر 1797 حملے کئے گئے جنہیں فضائی دفاعی نظام نے بڑی حد تک ناکام بنا دیا۔
وزارتِ دفاع نے بتایا تھا کہ اس دوران 268 بیلسٹک میزائل، 15 کروز میزائل اور 1514 ڈرون فضا میں ہی تباہ کر دیئے گئے، جس کے باعث اہم تنصیبات کو بڑے نقصان سے بچا لیا گیا تھا۔
حکام کے مطابق حملوں کا سلسلہ 28 فروری کو شروع ہوا جب میزائلوں اور ڈرونز کی نئی لہر یو اے ای کی سمت داغی گئی تھی، ابتدائی مرحلے میں دفاعی نظام نے بیشتر خطرات کو ناکام بنایا تھا تاہم بعض علاقوں میں گرنے والے ملبے سے محدود مادی نقصان کی اطلاعات بھی سامنے آئی تھیں۔
حکام کا کہنا تھا کہ سکیورٹی صورتحال کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے اور دفاعی تیاریوں کو مزید مضبوط بنایا جا رہا ہے تاکہ شہریوں اور رہائشیوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔