یو اے ای سے پاکستانیوں نے 696 ملین ڈالر وطن بھیج کر ریکارڈ بنا دیا

یو اے ای سے پاکستانیوں نے 696 ملین ڈالر وطن بھیج کر ریکارڈ بنا دیا

ماہرین کے مطابق یہ پیش رفت ملکی معیشت کے استحکام اور زرمبادلہ کے ذخائر میں بہتری کے لیے اہم قرار دی جا رہی ہے۔

اسی کامیابی کے موقع پر شارجہ میں ایک خصوصی تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں پاکستان کے قونصل جنرل حسین محمد، پاکستان سوشل سنٹر شارجہ کے صدر خالد حسین چوہدری، سفارتی عملے کے ارکان اور بزنس و کمیونٹی شخصیات کی بڑی تعداد نے شرکت کی، تقریب کے دوران پاکستانی برادری کی خدمات کو سراہتے ہوئے کیک بھی کاٹا گیا اور ترسیلاتِ زر میں مسلسل کردار پر خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔

مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانی نہ صرف کاروباری اور پیشہ ورانہ میدان میں نمایاں کردار ادا کر رہے ہیں بلکہ ترسیلاتِ زر کے ذریعے وطن کی معاشی ترقی میں بھی بھرپور حصہ ڈال رہے ہیں، انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اوورسیز پاکستانی مستقبل میں بھی اسی جذبے کے ساتھ ملکی معیشت کو مضبوط بنانے میں اپنا کردار جاری رکھیں گے۔

تقریب کے شرکا کے مطابق ترسیلاتِ زر میں اضافہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان مضبوط معاشی روابط کی عکاسی کرتا ہے جبکہ کمیونٹی کے باہمی تعاون اور یکجہتی کو مزید فروغ دینے کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔