خلاصہ
- بیروت: (دنیا نیوز) سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گوتریس نے کہا ہے کہ لبنان میں فوری طور پر لڑائی اور بمباری کو بند کیا جائے، سفارت کاری کے ذریعے جنگ کو روکا جاسکتا ہے۔
بیروت میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گوتریس نےکہا کہ لبنان کا کوئی فوجی حل نہیں صرف سفارتکاری کے ذریعے معاملہ حل کیا جاسکتا ہے، لبنان کی صورتحال دیکھ کر غمزدہ ہوں۔
انتونیو گوتریس نے کہا کہ لبنان کے جنوبی علاقے اس وقت تباہی کے دہانے پر کھڑے ہیں جبکہ انخلا کے احکامات کے بعد جنوبی بیروت بھی مکمل بربادی کے خطرے سے دوچار ہے۔
سیکرٹری جنرل نے کہا کہ لبنانی عوام نے اس جنگ کا انتخاب نہیں کیا بلکہ انہیں زبردستی اس میں شامل کیا گیا ہے، اس مسئلے کا کوئی فوجی حل نہیں بلکہ اس کا حل صرف سفارتکاری اور مذاکرات کے ذریعے ہی ممکن ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہر صورت میں عام شہریوں کی حفاظت اور ان کے احترام کو یقینی بنایا جانا چاہئے، انہوں نے لبنان کی خودمختاری اور اس کی سرحدوں کے احترام کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ لبنان میں اسرائیلی حملوں میں شدت آ چکی ہے اور ان حملوں کے نتیجے میں پورے کے پورے خاندان ختم ہو رہے ہیں، جس کے باعث لوگ اپنے شہر چھوڑنے پر مجبور ہو رہے ہیں۔
جنوبی لبنان کے قصبے النمیریہ میں ایک اسرائیلی فضائی حملے نے چند لمحوں میں تین نسلوں پر مشتمل ایک ہی خاندان کو ختم کر دیا، ان حملوں کے نتیجے میں اب تک 800 سے زیادہ لبنانی شہری جان سے جا چکے ہیں۔