خلاصہ
- واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ رواں ہفتے درجنوں ممالک پر نئے درآمدی ٹیرف عائد کرنے کی تیاری کر رہے ہیں۔
برطانوی اخبار کی رپورٹ کے مطابق جمعہ کو عارضی 10 فیصد عالمی ٹیرف کی مدت ختم ہونے کے بعد نئی درآمدی ڈیوٹیاں نافذ کیے جانے کا امکان ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ابتدائی مرحلے میں بیشتر ممالک پر 10 فیصد ٹیرف برقرار رہ سکتا ہے، جبکہ ٹرمپ انتظامیہ زیادہ شرح کے ٹیرف عائد کرنے کے لیے قانونی بنیاد بھی تیار کر رہی ہے۔
دوسری جانب ٹرمپ انتظامیہ نے گزشتہ روز کینیڈا سے درآمد کی جانے والی گاڑیوں اور دیگر اشیا پر 50 فیصد ٹیکس عائد کیا، جو آئندہ ماہ سے نافذ العمل ہوگا۔
واضح رہے کہ 20 فروری 2026 کو امریکی سپریم کورٹ نے ٹرمپ کے مستقل ٹیرف سے متعلق قانون کو غیر آئینی قرار دیتے ہوئے روک دیا تھا۔
عدالت نے اپنے فیصلے میں بالخصوص انٹرنیشنل ایمرجنسی اکنامک پاورز ایکٹ (آئی ای ای پی اے) کے تحت مختلف ممالک پر عائد کیے گئے ٹیرف کالعدم قرار دیے تھے، کیونکہ عدالت کے مطابق کانگریس نے صدر کو اس قانون کے تحت درآمدی ڈیوٹیاں عائد کرنے کا اختیار نہیں دیا تھا۔
سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد صدر ٹرمپ نے سیکشن 122 کے تحت 15 فیصد عالمی درآمدی ٹیکس نافذ کیا تھا، تاہم اس قانون کے مطابق یہ ٹیکس صرف 150 دن کے لیے عارضی طور پر عائد کیا جا سکتا ہے، جس کی مدت 24 جولائی 2026 کو ختم ہو رہی ہے۔