سعودی عرب کو حوثی حملوں کے خلاف دفاع کا حق حاصل ہے، عبدالعزیز الوصل

سعودی عرب کو حوثی حملوں کے خلاف دفاع کا حق حاصل ہے، عبدالعزیز الوصل

سلامتی کونسل کے یمن کی صورتحال پر ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عبدالعزیز الوصل نے یمن میں ایران کے حمایت یافتہ حوثی باغیوں کی جانب سے بار بار حملوں کی مذمت کی اور کہا کہ حوثیوں کے حملے الگ تھلگ واقعات نہیں بلکہ منظم اور جارحانہ پالیسی کا تسلسل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ ملیشیا 2014ء سے یمن کی حکومت کے خلاف بغاوت کر رہی ہے، حوثیوں کی حکمت عملی میں شہریوں اور معاشی تنصیبات کو نشانہ بنانا، دھمکیوں کے ذریعے طاقت کے زور پر اپنے مطالبات مسلط کرنا شامل ہے۔

سعودی مندوب نے کہا کہ حوثیوں کی کارروائیاں یمن کے اندر وسیع اور مربوط کشیدگی کا حصہ ہیں، یہ سلسلہ پہلے یمن کے اندر فوجی کشیدگی سے شروع ہوا اور بعد ازاں سعودی عرب، اس کے شہریوں اور مقیم افراد کے ساتھ ساتھ سعودی وسائل کو بھی نشانہ بنایا گیا۔

انہوں نے بحیرہ احمر اور باب المندب میں تجارتی بحری جہازوں اور آئل ٹینکروں پر حوثیوں کے حملوں پر بھی تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ تجارتی جہازوں کو نشانہ بنانا، عملے کو دھمکیاں دینا اور بحیرہ احمر و باب المندب میں آزادانہ بحری آمدورفت کو خطرے میں ڈالنا انتہائی سنگین اور مجرمانہ اقدام ہے۔