سعودی دارالحکومت میں سکول عارضی طور پر بند، کلاسز آن لائن ہوں گی

سعودی دارالحکومت میں سکول عارضی طور پر بند، کلاسز آن لائن ہوں گی

والدین کو موصول ہونے والے پیغامات میں بتایا گیا کہ سعودی حکام کی ہدایت پر سکول عارضی طور پر بند رہیں گے اور طلبہ گھر سے تعلیم حاصل کریں گے۔

فرانسیسی خبر رساں ایجنسی کے مطابق سکول انتظامیہ نے بندش کی کوئی سرکاری وجہ نہیں بتائی، یہ فیصلہ ایسے وقت میں سامنے آیا جب خطے میں کشیدگی بڑھ رہی ہے اور سعودی عرب اور یمن کے حوثیوں کے درمیان تنازع دوبارہ شدت اختیار کر گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق ابھی تک سعودی حکام نے سکولوں کی بندش یا دوبارہ معمول کے مطابق کلاسوں کے آغاز کے بارے میں کوئی سرکاری بیان جاری نہیں کیا۔

مزید برآں یہ پیشرفت ایک روز بعد سامنے آئی ہے جب سعودی اتحاد نے اعلان کیا تھا کہ اس نے سعودی عرب کی جانب آنے والے ڈرونز اور بیلسٹک میزائلوں کو تباہ کر دیا ہے۔