خلاصہ
- ربات: (دنیا نیوز) مراکش کے بادشاہ محمد ششم نے سعودی عرب پر حوثی ملیشیا کے حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سعودی عرب اور خلیجی ریاستوں کی سلامتی مراکش کی اپنی سلامتی سے جڑی ہوئی ہے۔
مراکش کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق یہ بیان سعودی عرب کے 26 ستمبر کو ریاض اور خمیس مشیط کی جانب داغے گئے حوثی ڈرونز اور میزائلوں کو تباہ کرنے کے دعوے کے بعد سامنے آیا ہے۔
شاہی دفتر کے بیان کے مطابق شاہ محمد ششم نے سعودی فرمانروا اور ولی عہد کو بھیجے گئے دو پیغامات میں ریاض کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا اور کہا سعودی عرب کی سلامتی اور استحکام دیگر خلیجی ممالک کی طرح مراکش کی اپنی سلامتی کا لازمی حصہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ سعودی عرب پر کوئی بھی حملہ مراکش پر حملہ ہے، سعودی عرب اور دیگر خلیجی ممالک کے ساتھ کھڑا ہونا ان کی حمایت کے مترادف ہے، خلیجی ممالک کے اہم مفادات کا دفاع ہمارے مشترکہ مفادات کا دفاع ہے۔
بادشاہ نے سعودی عرب کی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے ان خطرات کا حوالہ دیا جنہیں انہوں نے دہشت گرد اور علیحدگی پسند ملیشیا اور ان کی حمایت کرنے والی علاقائی طاقتوں سے منسوب کیا، یہ اشارہ ایران اور خطے میں اس کے اتحادی گروہوں کی جانب سمجھا جا رہا ہے، جن میں یمن کی حوثی ملیشیا بھی شامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ عناصر ہمسایہ ممالک کیلئے خطرہ ہیں اور عالمی معیشت اور بین الاقوامی بحری آمدورفت کے لیے اہم سمندری راستوں کو بھی متاثر کر رہے ہیں۔