دنیا
خلاصہ
- تہران: (دنیا نیوز) امریکا اور ایران کے درمیان تنازع حتمی حل کی جانب بڑھتا نظر نہیں آرہا، ٹرمپ کی جانب سے ایران کی آبنائے ہرمز دوبارہ کھولنے کی سات روزہ تجویز مسترد کیے جانے کے بعد دوبارہ فوجی کشیدگی کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق اگر مذاکرات ناکام رہتے ہیں تو محدود امریکی و ایرانی حملوں، آبنائے ہرمز میں کشیدگی اور خطے میں جوابی کارروائیوں کا نیا مرحلہ شروع ہوسکتا ہے تاہم فوری طور پر پہلے جیسی وسیع جنگ کی واپسی کو یقینی نہیں سمجھا جا رہا۔
قطر اور عمان سمیت ثالثی کی کوششیں جاری ہیں اور ٹرمپ نے بھی رواں ہفتے مزید مذاکرات کی توقع ظاہر کی ہے جبکہ ایران کا کہنا ہے کہ وہ سفارت کاری کے لیے تیار ہے مگر ہرمز کھولنے سے پہلے امریکی فوجی دباؤ اور بحری ناکہ بندی میں کمی چاہتا ہے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق اصل تعطل اس بات پر ہے کہ پہلا قدم کون اٹھائے، واشنگٹن مزید ایرانی رعایتیں چاہتا ہے جبکہ تہران پہلے جنگی اور معاشی دباؤ میں کمی کا مطالبہ کر رہا ہے، اس لیے فی الحال سفارتی راستہ موجود ہونے کے باوجود جنگ کے دوبارہ بھڑکنے کا خطرہ برقرار ہے۔