خلاصہ
- ابوظہبی: (سید مدثر خوشنود) ابوظہبی میں کاروباری اداروں کے ریموٹ معائنے کی تعداد میں جون سے اکتوبر 2026 کے دوران گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 74.6 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
ابوظہبی رجسٹریشن اتھارٹی (اے ڈی آر اے) کے مطابق جنوری سے اکتوبر 2026 کے دوران امارت بھر میں 14 ہزار 884 کاروباری اداروں کا ریموٹ معائنہ کیا گیا۔
ابوظہبی محکمہ اقتصادی ترقی کے تحت کام کرنے والی رجسٹریشن اتھارٹی کا کہنا ہے کہ ریموٹ ویژول انسپیکشن سروس کے ذریعے کاروباری ادارے معائنہ کرنے والے افسران سے براہ راست رابطہ کرکے انسپیکشن کا عمل مکمل کرسکتے ہیں، اس کیلئے موقع پر افسران کی آمد ضروری نہیں ہوتی۔
اس سروس کے ذریعے کاروباری اداروں کو اپنے تجارتی لائسنس اور سرگرمیوں سے متعلق ضوابط کی تکمیل، جلد کاروبار شروع کرنے اور معائنے کے نتائج الیکٹرانک طریقے سے حاصل کرنے میں سہولت فراہم کی جاتی ہے، اس کے علاوہ کاروباری افراد کو متعلقہ قواعد و ضوابط سمجھنے اور ان پر عملدرآمد میں بھی مدد ملتی ہے۔
اے ڈی آر اے کے ڈائریکٹر جنرل محمد منیف المنصوری نے کہا کہ ریموٹ معائنوں میں اضافہ کاروبار شروع کرنے اور چلانے کے عمل کو آسان بنانے کے ادارے کے عزم کی عکاسی کرتا ہے، اتھارٹی ایسے عملی حل متعارف کرانے کیلئے کام کر رہی ہے جو کاروباری ماحول پر اعتماد مضبوط بنانے اور سرمایہ کاروں، کمپنیوں اور ہنرمند افراد کو ابوظہبی کی جانب راغب کرنے میں معاون ہوں۔
اتھارٹی کے مطابق کاروباری اداروں کے معائنے کا مقصد تجارتی قوانین اور ضوابط پر عملدرآمد یقینی بنانا، صارفین کا تحفظ اور سرمایہ کاروں کا اعتماد برقرار رکھنا ہے، ریموٹ معائنوں کے علاوہ ابوظہبی بھر میں کاروباری مراکز اور ریٹیل آؤٹ لیٹس کے دورے بھی کئے جاتے ہیں تاکہ متعلقہ قواعد اور سرکاری ہدایات کی پابندی یقینی بنائی جا سکے۔