اسلام آباد: (دنیا نیوز) حکومت نے ایک مرتبہ پھر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کرتے ہوئے عوام پر مہنگائی کا بم گرا دیا ہے۔
وزارتِ خزانہ کی جانب سے جاری ہونے والی نئی قیمتوں کے مطابق پٹرول 3 روپے 56 پیسے، مٹی کا تیل 6 روپے 28 پیسے، ڈیزل 2 روپے 62 پیسے اور لائٹ ڈیزل کی قیمت میں ایک روپیہ اضافہ کیا گیا ہے۔ قیمتیں بڑھنے سے اب پٹرول 88 روپے 7 پیسے فی لیٹر، مٹی کا تیل 76 روپے 46 پیسے اور ڈیزل 98 روپے 45 پیسے میں فروخت ہو گا۔
یہ بھی پڑھیں: پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 3 سے 6 روپے فی لیٹر اضافہ
یاد رہے کہ گزشتہ روز آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی جانب سے وزارتِ خزانہ کو بھجوائی گئی سمری میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 6 روپے 94 پیسے اضافے کی سفارش کی گئی تھی۔
سمری میں پٹرول کی قیمت میں 3 روپے 56 پیسے فی لیٹر، ہائی سپیڈ ڈیزل 6 روپے 94 پیسے فی لیٹر، مٹی کے تیل کی قیمت میں 6 روپے 28 پیسے فی لیٹر اور لائٹ سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں ایک روپے فی لیٹر اضافے کی سفارش کی گئی۔ وزیرِ اعظم شاہد خاقان عباسی نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی منظوری دیدی ہے جس کا اطلاق کر دیا گیا ہے۔