معاشی ترقی کی شرح گزشتہ سال کے مقابلے بہتر رہے گی: سٹیٹ بینک

Last Updated On 06 April,2018 09:59 pm

کراچی: (دنیا نیوز) سٹیٹ بینک آف پاکستان نے چھ ماہ کی معاشی کارکردگی رپورٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ غیر ملکی ادائیگیاں اور جاری کھاتوں کا خسارہ حکومت کے لئے بڑا چیلنج ہے، تاہم معاشی ترقی کی شرح گزشتہ سال کے مقابلے بہتر رہے گی۔

سٹیٹ بینک کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے چھ ماہ میں ترسیلاتِ زر اور برآمدات میں اضافے کے ساتھ ساتھ درآمدات بھی بڑھی ہیں۔ غیر ملکی سرمایا کاری اور ترسیلاتِ زر میں اضافہ تو ہوا مگر غیر ملکی ادائیگیوں اور تجارتی خسارے کے باعث جاری کھاتوں کا خسارہ مسلسل بڑھا۔

جولائی سے دسمبر کے دوران جاری کھاتوں کا خسارہ 7 ارب 40 کروڑ ڈالر اور مالیاتی خسارہ جی ڈی پی کا 2 اعشاریہ 2 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔ اس دوران روپیہ ڈالر کے مقابلے 5 فیصد گھٹ گیا۔

سٹیٹ بینک کے مطابق ان تمام وجوہات کے باوجود معاشی ترقی کی شرح گزشتہ برس کے مقابلے بہتر رہی۔ چھ ماہ کے دوران گندم، چینی اور دالوں کی قیمتیں کم جبکہ تعلیم اور علاج معالجہ مہنگا ہو گیا۔