ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں تیزی سے آنے والی کمی کے باعث شرح سود میں بھی اضافے کا امکان ہے
کراچی (دنیا نیوز ) آئندہ دو ماہ کے لئے مانیٹری پالیسی کا اعلان آج کیا جائے گا، ماہرین کے مطابق ڈالر کے مقابلے روپے کی قدر میں کمی کے باعث شرح سود میں اضافے کا خدشہ ہے۔ آئندہ دو ماہ کے لئے نئی زری پالیسی کا اعلان پریس ریلیز کے ذریعے آج 5 سے 6 بجے کے درمیان کیا جائے گا۔ ڈالر کے مقابلے روپے کی گھٹتی قدر کے باعث مہنگائی کی شرح میں اضافے کا خدشہ ہے، یہی وجہ ہے کہ ماہرین توقع کر رہے ہیں کہ سٹیٹ بینک موجودہ حالات کو مد نظر رکھتے ہوئے شرح سود میں اعشاریہ 25 فیصد سے اعشاریہ 50 فیصد اضافہ کرسکتا ہے۔
اس حوالے سے دنیا نیوز نے ایک سروے بھی کیا۔ سروے میں 33 ماہر معاشیات اور مالیاتی اداروں کے مختلف افراد سے رابطہ کیا گیا۔ 30 افراد کا کہنا تھا کہ مرکزی بینک شرح سود میں اضافہ کرسکتا ہے جبکہ صرف 3 افراد نے شرح سود میں اضافے کے خدشے کو رد کر دیا۔ مرکزی بینک نے گذشتہ مانیٹری پالیسی میں شرح سود میں 20 ماہ کے بعد اعشاریہ 25 فیصد کااضافہ کیا تھا اور اس وقت مرکزی بینک کا شرح سود 6 فیصد پر برقرار ہے۔