پولٹری مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ، شہری پریشان

Last Updated On 08 May,2018 05:15 pm

کراچی: (دنیا نیوز) پولٹری مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کا سلسلہ نہ تھم سکا۔ سپلائی کے مقابلے رسد کم ہونے سے کراچی میں دو روز کے دوران مرغی کا گوشت 90 روپے کلو تک مہنگا ہوگیا۔

کراچی میں پولٹری مصنوعات کی قیمتوں کو پر لگ گئے، دو روز کے دوران زندہ مرغی 50 روپے اضافے سے 220 روپے کلو جبکہ مرغی کا گوشت 90 روپے بڑھ کر 360 روپے کلو کی سطح پر پہنچ گیا ہے، جس نے عوام کے لیے اسکا حصول مشکل تر بنا دیا۔

دکانداروں کا کہنا ہے طلب کے مقابلے رسد کم ہونے سے مرغی کا گوشت مہنگا ہوا۔ مہنگائی کی چکی میں پسنے والی عوام کا کہنا ہے کہ مٹن اور بیف پہلے ہی ان کی پہنچ سے دور تھِا مگر اب چکن بھی مہنگی ہونے سے غریب اور متوسط طبقہ کے لیے گوشت خریدنا ناممکن ہوگیا ہے۔