کراچی: (دنیا نیوز) حکومت کا سٹیٹ بینک پر انحصار ایک بار پھر بڑھنے لگا، مالیاتی خسارہ پورا کرنے کی خاطر دس ماہ میں 52 فیصد زائد قرض لیا گیا۔
سٹیٹ بینک کے مطابق جولائی سے اپریل کے دوران حکومت نے مرکزی بینک سے گزشتہ سال کے مقابلے 52 فیصد زائد قرض لیا۔ دس ماہ کے دوران حکومت نے سٹیٹ بینک سے 1316 ارب روپے بطور قرض وصول کیے جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے کے دوران 864 ارب روپے کا قرض لیا گیا تھا۔
قرض گیری میں اضافے کی بڑی وجہ مالیاتی خسارہ ہے۔ دوسری جانب اس دوران نجی شعبے کے قرضے 4 فیصد کمی کے بعد 498 ارب روپے تک محدود رہے۔ معاشی تجزیہ کاروں کے مطابق مرکزی بینک سے حکومت کے قرضوں میں اضافے سے مہنگائی کا طوفان اُمڈ آنے کا خطرہ ہے کیونکہ مرکزی بینک سے لیا گیا قرض مہنگائی میں تیزی سے اضافے کا سبب بنتا ہے، اس لیے حکومت کو متبادل ذرائع سے رقم کا بندوبست کرنا ہوگا۔