کراچی: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کا کہنا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں اضافے کے باعث کیا گیا ہے۔
کراچی میں بجٹ سیمنار سے خطاب میں مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ حکومت کا بانڈز جاری کرنے کا کوئی ارادہ نہیں، ابھی تک کے حالات کے مطابق آئی ایم ایف کے پاس جانے کی ضرورت بھی نہیں۔ مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ تیل کی قیمتوں میں اضافے کی اوگرا کی سمری پر مکمل عمل نہیں کیا گیا اور قیمتوں میں اضافہ عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے کیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ نئی قیمتوں کے مطابق پٹرول 1 روپے 70 پیسے اضافے کے ساتھ 87 روپے 70 پیسے فی لٹر جبکہ ہائی سپیڈ ڈیزل 2 روپے 31 پیسے فی لٹر اضافے کے ساتھ 98 روپے 76 پیسے فی لٹر کر دیا گیا ہے۔ مٹی کا تیل 3 روپے 41 پیسے فی لٹر اضافے کے ساتھ 79 روپے 87 پیسے فی لٹر اور لائٹ ڈیزل 3 روپے 55 پیسے فی لٹر اضافے کے ساتھ 68 روپے 85 پیسے فی لٹر کا ہو گیا ہے۔