کراچی: (دنیا نیوز) قومی بچت سکیموں پر منافع کی شرح میں 14 ماہ بعد اضافہ کردیا گیا۔ بیواؤں اور پینشنرز کو نئی سرمایاکاری پر اب 10 فیصد سے زائد منافع ملے گا۔
تفصیلات کے مطابق ادارہ قومی بچت کی جانب سے بہبود سیونگ پر شرح منافع 0.72 فیصد بڑھ کر 10.08 فیصد کردی گئی جو پہلے 9.36 فیصد تھی، جبکہ سپیشل سیونگز سرٹیفیکیٹ پر شرح منافع 0.40 فیصد بڑھ کر 6.6 فیصد ہوگئی ہے۔ ڈیفینس سیونگ سرٹیفکیٹ کے شرح منافع 0.56 فیصد بڑھا دیا گیا اب 8.10 فیصد کی شرح سے منافع دیا جائے گا۔ ریگولر انکم سرٹیفکیٹ پر 1.09 فیصد کی شرح سے سب سے زیادہ اضافہ کردیا گیا۔ ریگولر انکم سرٹیفکیٹ پر منافع کی شرح 6.54 فیصد سے بڑھاکر 7.63 فیصد کردی گئی۔
اس کے علاوہ سیونگز اکاؤنٹس پر بھی منافع کی شرح 0.55 فیصد بڑھا کر 4.5 فیصد کردی گئی ہے۔ منافع کی نئی شرح کا اطلاق نئی سرمایاکاری پر ہوگا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے قومی بچت میں سرمایاکاری کرنے والوں کی آمدن میں اضافہ ہوگا اور بچت کا کلچر بھی فروغ پائے گا۔ تمام سکیموں پر منافع کی نئی شرح کا اطلاق یکم مئی 2018 سے ہوگا۔