کراچی: (دنیا نیوز) سونے کی قیمت میں اضافہ، عالمی مارکیٹ میں فی اونس 6 ڈالر اضافے سے 1293 ڈالر کا ہو گیا۔ چاندی کی فی تولہ قیمت 10 روپے کمی سے 760 روپے ہوگئی۔
عالمی بلین مارکیٹ میں گزشتہ روز سونے کے نرخ میں 6 ڈالر کا اضافہ ہوا اور فی اونس سونے کی قیمت 1293 ڈالر ہوگئی، بین الاقوامی مارکیٹ میں سونے کے نرخ میں اضافے کے باعث مقامی سطح پر بھی سونے کی قیمتوں میں اضافہ دیکھا گیا اور سونے کی فی تولہ قیمت ایک بار پھر 57 ہزار روپے کی سطح سے بڑھ گئی۔
آل پاکستان سپریم کونسل جیولرز ایسوسی ایشن کی رپورٹ کے مطابق ہفتہ کوملکی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت میں 450 روپے کا اضافہ ہوا، جس کے بعد کراچی، حیدرآباد، لاہور، ملتان، فیصل آباد، اسلام آباد، راولپنڈی اور کوئٹہ کی صرافہ مارکیٹوں میں سونے کی فی تولہ قیمت 56 ہزار 650 روپے سے بڑھ کر 57 ہزار 100 روپے ہوگئی۔ اسی طرح397 روپے کے اضافے سے دس گرام سونے کی قیمت 48 ہزار 954 روپے ریکارڈ کی گئی، جبکہ چاندی کی فی تولہ قیمت 10 روپے کمی سے 760 روپے ہوگئی۔